نیشنل سکیورٹی پرنٹنگ کمپنی کو پرنٹنگ کارپوریشن میں ضم کرنے کی منظوری

Published On 09 April,2025 07:53 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر خزانہ کی زیر صدارت سرکاری ملکیتی اداروں کے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں نیشنل سکیورٹی پرنٹنگ کمپنی کو پرنٹنگ کارپوریشن میں ضم کرنے کی منظوری دی گئی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزارت خزانہ کو پی ایس پی سی سے این ایس پی سی کی 41.77 ارب روپے میں خریداری کی اجازت مل گئی۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزارت خزانہ کو سٹیٹ بینک سے زیڈ ٹی بی ایل کے شیئرز 84.72 ارب روپے میں خریدنے کی منظوری دی، این ایس پی سی کے سودے کی رقم زیڈ ٹی بی ایل کے شیئرز خریدنے میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ اجلاس میں بجلی کی پیداوار سے متعلق کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو، نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن بورڈ میں نجی و سرکاری ارکان کی تقرری کی منظوری دی۔

اعلامیہ میں یہ بھی لکھا گیا کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی کے بورڈ آف گورنرز کی ازسرنو تشکیل، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے بورڈ میں تین نئے آزاد ارکان کی اورپاکستان ریلوے کو سٹریٹجک اور لازمی ادارہ قرار دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

علاوہ ازیں اجلاس میں وزیر خزانہ کا ریاستی اداروں میں شفافیت، احتساب اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔