وفاقی وزیر خزانہ نے تنخواہ دار طبقے کو اگلے بجٹ میں ریلیف کی نوید سنا دی

Published On 11 April,2025 12:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تنخواہ دار طبقے کو اگلے بجٹ میں ریلیف کی نوید سنا دی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے کو اگلے بجٹ میں ریلیف دینے کیلئے پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، ریلیف کی تفصیلات ابھی میڈیا کو نہیں بتا سکتے، یہ تفصیلات آئی ایم ایف کے پاس لے کر جائیں گے، تاجروں سے ٹیکس وصولی بہتر ہوئی، تاجر دوست سکیم کو تاجروں سے ٹیکس وصولی سے نہ جوڑا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ سازی کیلئے سرکاری اور نجی شعبے سے 98 فیصد تجاویز موصول ہوگئی ہیں، بجٹ تجاویز پر حکومت اور نجی شعبہ ملکر کام کر رہا ہے، جن تجاویز پر عمل درآمد نہ ہو سکا اسکی وجوہات متعلقہ شعبے کو بتا دی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یکم جولائی کے بعد بجٹ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، ٹیکس پالیسی شعبہ اس کیلنڈر سال میں وزارت خزانہ کے ماتحت کام شروع کر دے گا، ٹیکس دہندگان کیلئے ایسا فارم ترتیب دے رہے ہیں جو ہر فرد خود بھر سکے۔

’امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار، اس کیساتھ مثبت بات چیت ہوگی‘

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعمیری مذاکرات کرنے جا رہا ہے، امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر پاکستانی وفد امریکا جائے گا، امریکا کے ساتھ مثبت بات چیت کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کیلئے اقدامات جاری ہیں، کاروباری طبقے کی سہولت کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ایکسپورٹ کو بڑھانا ہے تو ہر سیکٹر کو کردار ادا کرنا ہوگا، ہمارے پاس ایسی مصنوعات ہیں جو انٹرنیشنل برانڈز بن سکتی ہیں، ہمیں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جولائی یا اس سے پہلے بجلی کے بلوں میں مزید کمی کرنے پر کام جاری ہے، آئی ایم ایف کی طرف سے دیئے گئے تمام اہداف پورے کر لئے ہیں، امید ہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ مئی میں سٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا۔