اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ مشاورت کے لیے ورچوئل مذاکرات آج ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ورچوئل مذاکرات میں گیس سیکٹر کے گردشی قرضے پر بات چیت کا امکان ہے، پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے گیس کا گردشی قرضہ ختم کرنے کے لیے پلان فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ گیس کے شعبہ میں گردشی قرضہ 2800 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے، اسے کم کرنے کے لیے ڈیوڈنڈ استعمال کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف وفد نے گیس کے شعبے کی کمپنیوں کا ڈیٹا طلب کیا ہے، آئی ایم ایف کو گیس کمپنیوں کی 5 سالہ کارکردگی پیش کی جائے گی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ گیس کمپنیوں کے 5 سالہ منافع اور نقصان سمیت بیلنس شیٹ پر بات چیت ہو گی، حکومت گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ آئندہ 5 برسوں میں ختم کرنے کا پلان دے گی۔