کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے اگلے سال کے لئے ترقیاتی اہداف کا تعین کرلیا، اہم تفصیلات دنیا نیوز نے حاصل کر لیں۔
دستاویز کے مطابق سندھ حکومت مالی سال 26-2025 میں ایک ہزار 18 ارب خرچ کرے گی، ترقیاتی بجٹ رواں مالی سال کے مقابلے 10 فیصد زیادہ ہے، صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 520 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
سندھ بجٹ میں وفاقی پی ایس ڈی پی میں سندھ کا شیئر 76.28 ارب روپے ہوگا، غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں پر 366 ارب روپے خرچ کرنے کی تجویز ہے، اگلے مالی سال کے بجٹ میں 481 نئی سکیمز شامل کی جائیں گی۔
دستاویز کے مطابق 9 انٹرنیشنل ڈونر پارٹنرز کی شراکت سے جاری منصوبوں کا مجموعی تخمینہ 1539 ارب روپے ہے، تاریخی سکھر بیراج میں 15 نئے دروازے لگائے جائیں گے، گڈو بیراج پر 20 نئے دروازے لگائے جائیں گے۔
ایجوکیشن سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 38205 ملین روپے رکھنے کی تجویز ہے، سندھ پولیس اور دیگر فورسز کے لئے 9115 ملین جاری سکیموں پر خرچ کئے جائیں گے، 4 ہزار 250 ملین سندھ پولیس کی نئی سکیموں پر خرچ ہوں گے۔
کراچی میں فراہمی آب کی سکیموں کے لئے 8866 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، آئندہ مالی سال 333 پرائمری سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کی تجویز ہے، سرکاری سکولوں میں طلبہ کی حاضری ڈیجیٹائز کرنے کا منصوبہ بجٹ میں شامل ہے۔
جائیکا کے تعاون سے 20 گرلز پرائمری سکولوں کی اپ گریڈیشن کے لئے 537 ملین بجٹ میں تجویز کئے گئے ہیں، اگلے مالی سال ایک لاکھ 40 ہزار سولر ہوم سسٹم تقسیم کئے جائیں گے، کلک منصوبے کے تحت کراچی میں 21074 ملین خرچ کئے جائیں گے۔