شوگر مافیا کنٹرول سے باہر، ایک ہفتے میں چینی 2 روپے 15 پیسے فی کلو مزید مہنگی

Published On 22 August,2025 05:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ادارہ شماریات نے ملک بھر میں چینی کی قیمتوں کے ریٹ پر رپورٹ جاری کر دی۔

حکومتی اعلانات، اقدامات سب بے سود، ملک میں شوگر مافیا کنٹرول سے باہر، ایک ہفتے میں چینی 2 روپے 15 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوگئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط قیمت 181 روپے 34 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی، مہنگی چینی کے ساتھ گڑ بھی تقریباً 2 روپے فی کلو تک مہنگا ہو گیا، ملک میں گڑ کی اوسط فی کلو قیمت 243 روپے 72 پیسے تک پہنچ گئی۔

مختلف شہروں میں حکومتی اعلان کردہ نرخوں سے مہنگی چینی کی فروخت جاری ہے، کراچی میں سب سے مہنگی چینی دستیاب ہے جہاں چینی کی قیمت 195 روپے فی کلو تک ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں 190 روپے فی کلو تک چینی دستیاب ہے، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حیدرآباد، لاڑکانہ میں چینی 185 روپے میں دستیاب ہے۔

کوئٹہ میں چینی 186 روپے، ملتان میں 180 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، حکومت نے گزشتہ ماہ چینی کی 175 روپے میں دستیابی کا اعلان کیا تھا۔