پی آئی اے نجکاری: حکومت کے موجودہ بزنس فریم ورک پر بڈرز نے نئے مطالبات رکھ دیئے

Published On 30 October,2025 05:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی آئی اے کی نجکاری کیلئے حکومت کے موجودہ بزنس فریم ورک پر بڈرز نے نئے مطالبات رکھ دیئے۔

پی آئی اے ایف بی آر کا 28 ارب روپے اور سول ایوی ایشن کا 7 ارب روپے کا نادہندہ نکلا، پی آئی اے کی فروخت کیلئے خریداروں نے ایف بی آر ٹیکس اور سول ایوی ایشن ادائیگیاں بھرنے سے انکار کر دیا۔

روز ویلٹ ہوٹل اور پیرس میں پی آئی اے ہوٹل کی فروخت سے پی آئی اے کا قرض اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، روز ویلٹ اور پیرس میں پی آئی اے ہوٹل کی فروخت سے تقریباً 500 ارب روپے سے زائد آمدن متوقع ہے۔

سینیٹر افنان اللہ کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری نجکاری کمیشن عثمان باجوہ نے بریفنگ دی۔

سیکرٹری نجکاری عثمان باجوہ نے کہا کہ روز ویلٹ ہوٹل کی پرانی بلڈنگ گرا کر 13 سے 14 لاکھ سکوائر فٹ پر نئی بلڈنگ تعمیر کی جائے گی، 17 منزلہ پرانی بلڈنگ گرا کر یو ایس انتظامیہ کی اجازت سے بڑی بلڈنگ تعمیر کی جائے گی۔

عثمان باجوہ نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بڈنگ پراسس آئندہ ماہ کرنے کی ڈیڈ لائن طے ہے، دسمبر تک بڈنگ پراسس اور ٹرانزیکشنز پراسس کو مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے پاس جہازوں کی مرمت کیلئے بھی موجود نہیں ہیں، عالمی ہوا باز کمپنیاں چاہتی ہیں کہ پی آئی اے اسی طرح لولا لنگڑا چلے۔

سیکرٹری نجکاری کمیشن کا کہنا تھا کہ کراچی اور لاہور ایئرپورٹ پر مسافروں کی گنجائش بڑھانے کیلئے تزئین و آرائش کی ضرورت ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ کو یو اے ای کیساتھ جی ٹو جی بنیادوں پر آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کیلئے ترک کمپنی نے ٹرانزیکشنز کمیٹی کے مطابق سٹرکچر پر حامی نہیں بھری، روز ویلٹ ہوٹل کو لیز آؤٹ کرنے کیلئے نئے فنانشل ایڈوائزر کی تعیناتی آئندہ ماہ مکمل ہو جائے گی۔