لاہور: (دنیا نیوز) ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح پھر سے بڑھنے لگی، ایک ہفتے کے دوران شرح میں مزید 0 اعشاریہ 73 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 4 اعشاریہ 32 فیصد پر پہنچ گئی، ایک ہفتے کے دوران 14 اشیاء مہنگی ، 12 کی قیمتیں کم ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے میں بجلی فی یونٹ 60 پیسے مہنگی ہوئی، ایک ہفتے میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 113 روپے 72 پیسے مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے دال مونگ فی کلو 7 روپے 17 پیسے مہنگی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران اڑھائی کلو گھی کا ٹن 14 روپے سے زیادہ مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق جلانے کی لکڑی، چینی، مٹن بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں، گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 54 روپے 11 پیسے سستے ہوئے۔
ادارہ شماریات ایک ہفتے میں پیاز فی کلو 13 روپے 66 پیسے سستے ہوئے، گزشتہ ہفتے میں آلو کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 63 پیسے کمی آئی۔
رپورٹ کے مطابق لہسن، گندم کا آٹا، چکن، دال مسور اور ماش بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں، تازہ دودھ، دہی، بریڈ، گیس، پٹرولیم قیمتوں سمیت 25 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔



