ڈیجیٹل ادائیگیوں کا محفوظ نظام تشکیل دینا ترجیح ہے: گورنر سٹیٹ بینک

Published On 03 December,2025 04:34 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام مزید مضبوط ہو گا۔

گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے بینک کی جانب سے ماسٹر کارڈ اور پاکستان کی قومی ادائیگی سکیم ’’پے پاک‘‘ کے اشتراک سے نیا co-badged کارڈ متعارف کرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو محفوظ، مستعد اور خود انحصار بنانے کے سفر میں سنگِ میل ثابت ہو گی۔

گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے شراکت داروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب صارفین بین الاقوامی اور ای کامرس ادائیگیاں بلاتعطل انداز میں کر سکیں گے جبکہ ملکی ٹرانزیکشنز کا پاکستان کے اندر تصفیہ ممکن ہو سکے گا جس سے کارکردگی میں اضافہ اور بیرونی نیٹ ورکس پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے نئے co-badged card کو ’فائدہ مند‘ مالی پروڈکٹ قرار دیا جس سے صارفین کو سہولت ملنے کے علاوہ ادائیگیوں کا قومی انفراسٹرکچر مزید مضبوط ہو گا۔