اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرغز کاروباری افراد اور پاکستانی صنعت کار تجارتی فروغ کیلئے مل کر کام کرسکتے ہیں۔
پاک کرغزستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ 20 سال بعد کرغزستان کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، خواہش ہے کہ دونوں ملکوں کی تاجر برادری سال میں ایک بار باہمی دورے کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریل منصوبہ خطے کیلئے اہم معاشی موقع ہے، کراچی اور گوادر کرغزستان کیلئے بہترین رسائی فراہم کر سکتے ہیں، پاکستان کے 8500 طلبا کرغزستان میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں نے دوطرفہ تجارتی حجم 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، چین، کرغزستان، ازبکستان ریلوے منصوبہ خطے کیلئے اہم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، کرغزستان ثقافتی پروگرام جلد دونوں ملکوں میں ہوں گے، کاسا 1000منصوبے کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت جاری ہے، کاسا منصوبے کا پاکستان کا حصہ جلد مکمل ہوجائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ون ونڈو سہولت ہے، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع ہیں، آئی ٹی اور اے آئی تربیت کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
کرغز صدر صادار ژاپاروف نے کہا کہ پاکستان آمد پر بے حد خوش ہوں، دوطرفہ تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان کے پائیدار ترقیاتی اہداف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
صدر صادر ژاپاروف کا کہنا تھا کہ کرغزستان اور پاکستان میں تجارتی امکانات میں بہت وسعت ہے، لاجسٹک رابطوں سے دونوں ملک عالمی مارکیٹوں تک پہنچ سکتے ہیں۔
کرغز صدر نے کہا کہ جنوبی ایشیا اور یورپ کے درمیان تجارت کیلئے پل کا کردار ادا کرسکتے ہیں، پانچ برس میں کرغزستان کی جی ڈی پی دگنا ہوئی ہے۔



