وزیراعظم شہباز شریف نے حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی منظوری دے دی

Published On 18 December,2025 01:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حلال گوشت کی برآمدی پالیسی پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی منظوری دی گئی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ حلال گوشت کی برآمد بڑھانے کیلئے آئندہ دو ہفتوں میں عملی اقدامات پر مشتمل تین سالہ جامع حکمت عملی پیش کی جائے، مسلم ممالک اور دنیا بھر کی حلال گوشت کی مارکیٹ میں پاکستان کا برآمدی حصہ قابل قدر بنانے کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومت کی ہم آہنگی سے بنائی گئی جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی کہ پاکستان کی حلال گوشت کی برآمدی مارکیٹ بڑھانے کیلئے قائم کردہ کمیٹی پیداوار، کولڈ سٹوریج اور دیگر عوامل کو بہتر بنانے کے لئے قابل عمل تجاویز پیش کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ لائیو سٹاک میں حلال گوشت کی پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق اور علاقائی پیداواری مقدار کی مسابقت میں بڑھانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں، حلال گوشت کی پیداواری اور غذائی قدر میں اضافے کیلئے متعلقہ وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے منظم مراکز وقت کی اہم ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نہ صرف مسلم ممالک بلکہ حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ میں بھی پاکستان کا برآمدی حصہ بڑھانے کی خاطر خواہ گنجائش موجود ہے، ملک میں موجود ذبیح خانوں کی عالمی معیار کی سرٹیفکیشن اور دیگر ممالک سے دو طرفہ رجسٹریشن میں حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ملک میں موجود ذبیح خانوں کو بیماری سے پاک اور ان میں عالمی معیار کی صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حلال گوشت کی برآمد کو بالخصوص علاقائی تناظر میں بڑھانے کیلئے اس شعبے کی لاگت کو کم سے کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے، حلال گوشت کی برآمد کو بڑھانے کیلئے بزنس ماڈل کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ بہترین لائحہ عمل سے مستفید ہوتے ہوئے مرتب کیا جائے۔

اجلاس میں دوران بریفنگ بتایا گیا کہ پاکستان کی جانب سے بیماری سے پاک حلال گوشت کی برآمد بڑھانے کیلئے خصوصی زونز اور مراکز قائم کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں حلال گوشت کی کل پیداوار 6 ملین میٹرک ٹن ہے اور مقامی ضرورت پوری کرنے کے بعد خاطرخواہ مقدار برآمد کرنے کیلئے میسر ہے۔

بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ حلال گوشت کی پیداوار کو بڑھانے اور عالمی معیار کی پیکجنگ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔