سونے اور چاندی کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

Published On 12 January,2026 02:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) عالمی اور مقامی سطح پر سونے اور چاندی کی قیمتیں پہلی بار بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

 آل صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونا 7 ہزار 700 روپے کے بڑے اضافے کے بعد پہلی بار 4 لاکھ 80 ہزار 962 روپے کی تاریخی سطح پر پہنچ گیا، اسی طرح 10 گرام سونا 6 ہزار 602 روپے کے اضافے سے بڑھ کر پہلی مرتبہ 4 لاکھ 12 ہزار 347 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا جہاں 24 قیراط فی تولہ چاندی 430 روپے بڑھ کر پہلی بار 8 ہزار 895 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا، جہاں انٹرنیشنل مارکیٹ میں فی اونس سونا 77 ڈالر کے اضافے کے بعد پہلی بار 4 ہزار 586 ڈالر کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ 

یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی و مقامی گولڈ مارکیٹس کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا جس میں 24 کیرٹ فی تولہ سونا 3700روپےبڑھ کر 4 لاکھ73ہزار 262 روپے کا ہو گیا تھا۔