اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں ٹیکنالوجی کا شعبہ اب محض جدت کی علامت نہیں رہا بلکہ سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کیلئے عالمی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔
اسی سلسلے میں پاکستان کا ممتاز اور عالمی معیار کا ٹیکنالوجی ایونٹ 27 واں آئی ٹی سی این ایشیا 2026 لاہور میں 17 سے 19 جنوری تک منعقد ہوگا، نمائش میں 800 سے زائد سٹالز لگائے جائیں گے جبکہ 3 ہزار 500 سے زائد عالمی سطح کی معروف ٹیکنالوجی کمپنیاں شرکت کریں گی۔
ایونٹ میں وفاقی و صوبائی وزراء، صنعتکار، بین الاقوامی ماہرین اور 100 سے زائد غیر ملکی وفود کی شرکت بھی متوقع ہے، عالمی ٹیک ماہرین نے آئی ٹی سی این ایشیا میں شرکت پر دلی مسرت اور جوش و خروش کا اظہار کیا ہے۔
گروپ ڈائریکٹر ای کامرس گیٹ وے عمیر نظام نے کہا کہ وہ سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے شکر گزار ہیں جنہوں نے رائزنگ پاکستان کا نعرہ دیا اور آئی ٹی سیکٹر کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی ٹی سی این ایشیا گزشتہ دو دہائیوں سے پاکستان کو خطے میں ٹیکنالوجی اور جدت کا ابھرتا ہوا مرکز بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، حکام کے مطابق آئی ٹی سی این ایشیا 2026 پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی جانب ایک مضبوط، فیصلہ کن اور دور رس قدم ثابت ہوگا۔
ایس آئی ایف سی کی موثر اور فیصلہ کن معاونت نے آئی ٹی سیکٹر میں نہ صرف نئی جہتیں پیدا کی ہیں بلکہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو عالمی سطح پر ایک مضبوط بنیاد بھی فراہم کی ہے۔



