سونے کی اُونچی اُڑان، مزید 900 روپے فی تولہ مہنگا ہوگیا

Published On 13 January,2026 04:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت مزید 9ڈالر کے اضافے سے 4ہزار 595ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 900 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت میں 771 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 81 ہزار 186 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 4 لاکھ 13 ہزار 118 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

اسی طرح، فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 180روپے کے اضافے سے 9ہزار 075 روپے کی نئی بلند سطح پر آگئی جبکہ فی دس گرام چاندی کی قیمت 154روپے کے اضافے سے 7ہزار 780روپے کی سطح پر آگئی۔

واضح رہے کہ امریکا کی وینزویلا اور ایران کے ساتھ کشیدگی، رواں سال فیڈرل ریزرو امریکا کی شرح سود میں مزید کمی کی بازگشت، جغرافیائی سیاسی تناو سے عالمی و مقامی سطح پر سونے اور چاندی کی قیمتیں وقفے وقفے سے تاریخ کی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔