بیرونی قرضوں پر 8 فیصد تک سود کی ادائیگی کا تاثر درست نہیں: وزارت خزانہ

بیرونی قرضوں پر 8 فیصد تک سود کی ادائیگی کا تاثر درست نہیں: وزارت خزانہ

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان کا بیرونی قرضہ زیادہ تر رعایتی اور طویل مدتی نوعیت کا ہے، مجموعی 138 ارب ڈالر کی رقم میں نجی اور دیگر واجبات بھی شامل ہیں جب کہ بیرونی عوامی (حکومتی) قرض تقریباً 92 ارب ڈالر ہے۔

اعلامیہ میں بتایا کہ جس پر اوسط سود تقریباً 4 فیصد بنتا ہے، سود کی ادائیگیوں میں حالیہ اضافہ عالمی شرحِ سود میں تیزی اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت حاصل کردہ فنڈنگ کے تناظر میں ہوا، پاکستان کا مجموعی بیرونی قرضہ اور واجبات اس وقت 138 ارب ڈالر ہیں۔

اِس رقم میں صرف حکومتی قرض شامل نہیں بلکہ اس میں سرکاری اور سرکاری ضمانت شدہ قرضے، پبلک سیکٹر اداروں (ضمانت شدہ اور غیر ضمانت شدہ) کے قرضے، بینکوں کی بیرونی ذمہ داریاں، نجی شعبے کے قرضے اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاروں کے درمیان کمپنیوں کے باہمی واجبات بھی شامل ہیں۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ اس مجموعی رقم کو بیرونی عوامی (حکومتی) قرض سے الگ سمجھنا ضروری ہے، جو تقریباً 92 ارب ڈالر ہے، اسی طرح کل بیرونی عوامی قرض کا تقریباً 75 فیصد حصہ کثیرالجہتی اداروں (آئی ایم ایف کے علاوہ) اور دوطرفہ ترقیاتی شراکت داروں سے حاصل کردہ رعایتی اور طویل مدتی قرضوں پر مشتمل ہے۔

تقریباً 7 فیصد قرض کمرشل بنیادوں پر لیا گیا ہے جب کہ مزید 7 فیصد طویل مدتی یورو بانڈز پر مشتمل ہے، اس صورتحال میں یہ تاثر درست نہیں کہ پاکستان بیرونی قرضوں پر 8 فیصد تک سود ادا کر رہا ہے، مجموعی طور پر بیرونی عوامی قرض پر اوسط شرح سود تقریباً 4 فیصد ہے، جو زیادہ تر رعایتی قرضوں کی عکاسی کرتی ہے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ سود کی ادائیگیوں کے حوالے سے بیرونی عوامی قرض پر سود کی رقم مالی سال 2022 میں 1.99 ارب ڈالر سے بڑھ کر مالی سال 2025 میں 3.59 ارب ڈالر ہو گئی۔

رقم مالی سال 2022 میں 1.99 ارب ڈالر سے بڑھ کر مالی سال 2025 میں 3.59 ارب ڈالر ہو گئی، جو 80.4 فیصد اضافہ بنتا ہے، نہ کہ 84 فیصد جیسا کہ رپورٹ کیا گیا،اسی عرصے میں سود کی ادائیگیوں میں 1.60 ارب ڈالر اضافہ ہوا، نہ کہ 1.67 ارب ڈالر۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ریکارڈ کے مطابق متعلقہ مدت میں مختلف قرض دہندگان کو ادائیگیاں اس طرح رہیں، آئی ایم ایف کو مجموعی طور پر 1.50 ارب ڈالر ادا کیے گئے جن میں سے 580 ملین ڈالر سود تھا، نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے تحت 1.56 ارب ڈالر ادا کیے گئے جن میں 94 ملین ڈالر سود شامل تھا۔

وزارت خزانہ کےاعلامیہ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کو 1.54 ارب ڈالر ادا کیے گئے جن میں 615 ملین ڈالر سود تھا، عالمی بینک کو 1.25 ارب ڈالر ادا کیے گئے جن میں 419 ملین ڈالر سود شامل تھا جب کہ بیرونی کمرشل قرضوں کی مد میں تقریباً 3 ارب ڈالر ادا کیے گئے جن میں 327 ملین ڈالر سود تھا۔

اگرچہ سود کی ادائیگیوں میں مجموعی طور پر اضافہ ہوا ہے، تاہم یہ اضافہ صرف قرضوں کے حجم میں اضافے کی وجہ سے نہیں ہے، مالی سال 2022 کے بعد قرضوں کے حجم میں معمولی اضافہ ضرور ہوا، زیادہ تر نئی رقوم رعایتی کثیرالجہتی ذرائع اور آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کے تحت ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) سے حاصل ہوئیں۔

اعلامیہ میں آگاہ کیا گیا کہ سال 2022-23 کے دوران پاکستان کو ادائیگیوں کے توازن کے شدید دباؤ کا سامنا رہا، زرمبادلہ کے ذخائر ایک ماہ کی درآمدات سے بھی کم سطح پر آ گئے تھے، حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ ای ایف ایف معاہدہ کیا اوردیگر کثیرالجہتی اور رعایتی ذرائع سے فنڈز حاصل کیے۔

ان اقدامات سے زرمبادلہ کے ذخائر کی بحالی اور بیرونی کھاتوں کی بہتری میں مدد ملی، یہ بھی اہم ہے کہ سود کی ادائیگیوں میں اضافہ عالمی شرحِ سود میں اضافے کا نتیجہ بھی ہے جب کہ مہنگائی میں اضافے کے بعد امریکی فیڈرل ریزرو نے مئی 2022 میں شرح سود 0.75 تا 1.00 فیصد سے بڑھا کر جولائی 2023 تک 5.25 تا 5.50 فیصد کر دی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ اگرچہ بعد میں یہ شرح کم ہو کر تقریباً 3.75 فیصد رہ گئی ہے، لیکن یہ اب بھی 2022 کی سطح سے کافی زیادہ ہے، عالمی سطح پر شرح سود میں اس اضافے نے قرض لینے کی لاگت بڑھائی ہے، جس کا اثر بیرونی سود کی ادائیگیوں پر بھی پڑا ہے۔

دوسری جانب اعلامیہ میں مزید لکھا گیا کہ حکومت ذمہ دارانہ قرض انتظام، شفافیت اور معیشت کے استحکام کے لیے پرعزم ہے، قرضوں سے متعلق اعداد و شمار کو درست تناظر میں پیش کرنا باخبر عوامی مباحثے کے لیے ضروری ہے، متعلقہ حلقوں سے گزارش ہے کہ پاکستان کے بیرونی قرضوں کی ساخت اور عالمی مالی حالات کو مدنظر رکھا جائے۔