خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کے باعث ٹریڈنگ کا مثبت زون میں اختتام ہوا ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار کے آغاز سے ہی سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 5000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 58 ہزار 217 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم ٹریڈنگ کے اختتام پر 100 انڈیکس 5 ہزار 159 پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 57 ہزار 132 پوائنٹس کی حد پر بند ہوا۔
آج سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس کی یومیہ بلند سطح ایک لاکھ 58 ہزار 2 سو اور یومیہ کم ترین سطح ایک لاکھ 51 ہزار 2 سو رہی، سٹاک ایکسچینج میں 44 ارب روپے مالیت کے 76 کروڑ شیئر کا کاروبار ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 16000 سے زائد پوائنٹس کم ہو کر ایک لاکھ 51 ہزار 972 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب ایشین سٹاک مارکیٹس میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی مندی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جاپانی سٹاک مارکیٹ میں 327 پوائنٹس کمی کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہوا، جنوبی کورین سٹاک مارکیٹ 1.26 فیصد گر گئی، جبکہ ہانگ کانگ سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 2 فیصد گر گیا۔