ملکی معاشی اشاریوں میں بہتری، مگر مہنگائی بدستور بڑا چیلنج ہے: ایس اینڈ پی گلوبل رپورٹ

ملکی معاشی اشاریوں میں بہتری، مگر مہنگائی بدستور بڑا چیلنج  ہے: ایس اینڈ پی گلوبل رپورٹ

 رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ 11.5 فیصد پر برقرار رکھنا موجودہ معاشی حالات کے تناظر میں ایک محتاط فیصلہ ہے۔

دوسری جانب  رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، تاہم مہنگائی اب بھی مرکزی بینک کے مقررہ ہدف سے زیادہ ہے، جب کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، عالمی اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے عوامل ملکی معاشی منظرنامے کے لیے اہم خطرات ہیں۔

ایس اینڈ پی گلوبل کا کہنا تھا کہ مالی سال 2027 میں پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کی توقع ہے جب کہ دسمبر 2026 تک زرمبادلہ کے ذخائر 19.5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مضبوط ترسیلات زر کی بدولت بیرونی مالیاتی صورتحال مزید بہتر ہونے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ محدود رہنے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں ایس اینڈ پی گلوبل کے پرنسپل اکانومسٹ احمد مبین نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگیوں کے تناظر میں مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ معاشی استحکام کے باوجود سٹیٹ بینک سے محتاط مانیٹری پالیسی جاری رکھنے کی توقع ہے جب کہ مشرق وسطیٰ میں دوبارہ پیدا ہونے والی کشیدگی، اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے عوامل پاکستان کے معاشی منظرنامے پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔