ای سی سی اجلاس: پاسکو کے ذخیرے میں مقامی اور درآمدی گندم رکھنے کی منظوری

ای سی سی اجلاس: پاسکو کے ذخیرے میں مقامی اور درآمدی گندم رکھنے کی منظوری

وفاقی دارالحکومت میون وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

 اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے پاسکو کے گندم ذخیرے میں 85 فیصد مقامی اور 15 فیصد درآمدی گندم رکھنے کی منظوری دے دی جب کہ درآمدی گندم کے بروقت اخراج کے لیے پاسکو ذخیرہ وصول کنندہ اداروں کو دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

اِسی طرح غیر ملکی سپلائرز کے اکاؤنٹ پر پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے، جبکہ کسٹمز بانڈڈ سٹوریج کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی درآمد بھی منظور کر لی گئی۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی تعاون کے لیے معاہدہ خرید و فروخت کی منظوری دی گئی، جس کے تحت او کیو ٹریڈنگ اور پاکستان سٹیٹ آئل کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

دوسری جانب ای سی سی نے روزویلٹ ہوٹل کی تعمیر نو کے لیے مذاکراتی کمیٹی بنانے کی بھی منظوری دی، پی آئی اے اور نیشنل بینک کے درمیان معاہدے کے لیے 15 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کی حکومتی ضمانت منظور کر لی گئی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ کراچی کے فور منصوبے کے لیے 7 ارب 79 کروڑ 71 لاکھ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی گئی جب کہ ریکوڈک منصوبے کی سکیورٹی کے لیے فرنٹیئر کور کو 56 کروڑ 70 لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کی منظوری دی گئی۔