خلاصہ
- نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صحت اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، توانائی، انسانی وسائل کی ترقی اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر گفتگو کی۔ ملاقات میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکر اور صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کینیائی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اس موقع پر کینیا کے صدر نے خلیجی خطے اور مغربی ایشیا میں حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت سمیت مختلف شعبوں میں فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا اور ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کی شراکت داری کو سراہتے ہوئے صحت، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔