بلوچستان بینک اور آسان کاروبار ایکٹ کی منظوری اہم پیش رفت ہے: ایس ایم تنویر

بلوچستان بینک اور آسان کاروبار ایکٹ کی منظوری اہم پیش رفت ہے: ایس ایم تنویر

صوبائی دارالحکومت میں ایس ایم تنویر  کا ’اکنامکس اینڈ انویسٹمنٹ‘ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان میں کاروبار، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں، بلوچستان بینک کی منظوری اور آسان کاروبار ایکٹ کی منظوری صوبے میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

پیٹرن انچیف یوبی جی ایس کا وزیراعلیٰ بلوچستان کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ایک بہادر انسان ہیں، بلوچستان کے لوگوں کو ایسا وزیراعلیٰ دوبارہ نہیں ملے گا، بلوچستان کے ہر شعبے میں کام ہو رہا ہے اور صوبے کی ترقی کے لیے مختلف شعبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔

ایس ایم تنویر نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے ہر بچے کو پڑھانا ہے، صوبے کے بچوں کو تعلیم دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ انہیں بہتر تعلیمی مواقع میسر آ سکیں۔

اُن کا صحت کے شعبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان کے ہسپتالوں کو بھی بہتر بنانا ہے، صوبے میں تعلیم، صحت اور کاروبار سمیت تمام اہم شعبوں کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔

پیٹرن انچیف یو بی جی ایس کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی، عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولتوں کی بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی ضرورت ہے، جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو مزید مؤثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔