تجارت
خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) سخت بین الاقوامی پابندیوں کے باعث ملکی مالیاتی نظام پر پڑنے والے شدید دباؤ کے پیش نظر ایرانی حکام نے بینکوں سے امریکی ڈالر خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
ایران کی فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بینکوں اور کرنسی ایکسچینج کمپنیوں کیلئے جاری کردہ تازہ ترین گائیڈ لائنز کے تحت اب خریدار زیادہ سے زیادہ 10 ہزار تک امریکی ڈالر خرید سکتے ہیں جس میں یومیہ خریداری کی حد ایک ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
ایسے صارفین جو کم رقم کے خواہشمند ہوں وہ اپنے بینک کارڈز اور قومی شناختی کارڈز استعمال کر کے 100 ڈالر سے لے کر زیادہ سے زیادہ ایک ہزار ڈالر تک کی رقم کے حصول کی درخواست دے سکتے ہیں۔
منتخب بینک برانچز اور ایکسچینج دفاتر میں سرکاری طور پر مقرر کردہ ریٹ پر امریکی ڈالر کی فروخت بدستور جاری ہے، غیر ملکی کرنسی کے خواہشمند افراد اس مقصد کیلئے بنائے گئے مخصوص آن لائن سسٹمز کے ذریعے اپنی درخواست جمع کروا کر ڈالر خرید سکتے ہیں۔