تجارت
خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ چار سے پانچ روز کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم اور وفاقی وزیر پٹرولیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مزید ریلیف دینے کے لیے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔
یاد رہے کہ پٹرول کی قیمت میں 9 روپے 41 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 352 روپے 59 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے 56 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 382 روپے 25 پیسے مقرر کی گئی ہے۔