خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تھر کے کوئلے کو بجلی کی پیداوار سے آگے بڑھا کر صنعتی ترقی کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ تھر کول بلاک ٹو کی سالانہ پیداواری صلاحیت 7.6 ملین ٹن سے بڑھا کر 11.2 ملین ٹن کر دی گئی ہے، کوئلے کی پیداوار میں سالانہ 3.6 ملین ٹن کا اضافہ ہوا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بجلی گھروں کے ساتھ دیگر صنعتی شعبوں کو بھی کوئلے کی فراہمی ممکن ہوگی، کوئلے کو صنعتی استعمال کے لیے بہتر بنانے کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے، قومی ریلوے نیٹ ورک سے تھر کو منسلک کرنے کے منصوبے پر 68 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر صنعتی خریداروں کو کوئلے کی فروخت کے اخراجات بجلی صارفین کے ٹیرف پر منتقل نہیں کیے جائیں گے، مقامی کوئلے سے کول گیسیفکیشن، میتھانول اور کیمیکلز کی تیاری میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کوئلے کو صنعتی خام مال کے طور پر استعمال کرنے کے امکانات پر کام کیا جا رہا ہے، تھر کے قدرتی وسائل کو جدید ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کے ذریعے ملکی صنعتی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں گے.
سینئر صوبائی وزیر سندھ نے کہا کہ مقامی وسائل سے توانائی کے تحفظ اور معاشی خودمختاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔