خلاصہ
- اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان میں کرپٹو کرنسی صارفین اور ڈیجیٹل اثاثوں سے وابستہ کاروباری اداروں کے تحفظ، آگاہی اور باہمی تعاون کے لیے ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان (ویپ) کے باضابطہ قیام کا اعلان کر دیا گیا۔
ایشیا ویب تھری الائنس جاپان کی بانی ہنزہ آصف کو الائنس کی پہلی چیئرپرسن جب کہ ایچ ٹی ایکس کے کنٹری مینیجر سید احتشام حمدانی کو سینئر وائس چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں الائنس کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اس اتحاد کے قیام کا مقصد پاکستان میں کرپٹو کرنسی صارفین، سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔
سینئر وائس چیئرمین سید احتشام حمدانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرپٹو کرنسی اپنانے کے عالمی انڈیکس میں تیسرے نمبر پر ہے، تاہم ملک میں کرپٹو صارفین کی تعداد 2 کروڑ ہونے کا تخمینہ غیر مصدقہ ہے اور اس حوالے سے آزادانہ طور پر تصدیق شدہ اعداد وشمار دستیاب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویپ پاکستان میں کرپٹو صارفین سے متعلق مستند اعدادوشمار جمع کرنے، آزادانہ تحقیق اور مقامی اداروں کے ساتھ تعاون کے منصوبے پر کام کرے گا، اتحاد کا بنیادی مقصد سرمایہ کاروں میں آگاہی، سائبر سکیورٹی کی تعلیم اور ذمہ دارانہ مارکیٹ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
احتشام حمدانی کا کہنا تھا کہ الائنس میں کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں کی صنعت سے وابستہ ماہرین اور اہم شخصیات بھی شامل ہیں، ویپ شواہد پر مبنی پالیسی مکالمے کے ذریعے پاکستان کی ورچوئل اثاثہ صنعت کو شفاف، ذمہ دار اور مؤثر بنانے کے لیے کردار ادا کرے گا جب کہ عالمی تجربات سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان کو کوئی ریگولیٹری اختیار حاصل نہیں اور نہ ہی اسے حکومتی توثیق حاصل ہے، الائنس کا مقصد صنعت سے وابستہ فریقین کے درمیان رابطے، تعاون اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔