پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مشترکہ کمرشل ٹیم تشکیل دینے پر اتفاق

پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مشترکہ کمرشل ٹیم تشکیل دینے پر اتفاق

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات ہوئی، جس میں طے پایا کہ تشکیل دی جانے والی مشترکہ کمرشل ٹیم توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے اور سرمایہ کاری کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرے گی۔

دونوں ممالک نے ایل پی جی پلانٹ، سٹوریج اور ٹرمینل سہولیات کے منصوبے کو فوری طور پر آگے بڑھانے پر اتفاق کیا، جس سے ملک میں گیس کی مقامی سپلائی میں اضافے اور قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

ملاقات میں چینی کمپنیوں کی پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے پٹرولیم سٹوریج، ٹرمینلز اور ڈاؤن سٹریم توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح بات چیت کو عملی منصوبوں اور صنعتی ترقی میں تبدیل کرنا ہے، ایپیک (APEC) 2026 میں چینی صدر شی جن پنگ کی ترجیحات پاکستان اور چین کی توانائی شراکت داری کے مشترکہ وژن کی عکاس ہیں۔

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پٹرولیم نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کو چین کے تاریخی شینژو 24 خلائی مشن میں شرکت پر خصوصی مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ محمد ذیشان کی اس شاندار کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے۔