خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے یو این ڈی پی کے وفد نے ملاقات کی جس میں موسمیاتی فنانسنگ اور پاکستان میں موسمیاتی منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں یو این ڈی پی نے پاکستان کے لیے ممکنہ سرمایہ کاری منصوبوں کا پورٹ فولیو پیش کیا، جس میں کلین انرجی، آبی وسائل، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ کے منصوبے شامل ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے سرمایہ کاری کے قابل منصوبوں کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ منصوبوں کے انتخاب میں قومی ترجیحات اور ٹھوس ترقیاتی نتائج کو مدنظر رکھا جائے، موسمیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے مربوط حکمت عملی ضروری ہے، انہوں نے رعایتی مالی وسائل، کلائمیٹ فنڈز اور نجی سرمایہ کاری سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔
یو این ڈی پی قابل عمل منصوبوں کی تیاری اور عالمی کلائمیٹ فنڈز تک رسائی میں تعاون کرے گا، ملاقات میں قابل تجدید توانائی، ویسٹ مینجمنٹ اور کلائمیٹ اسمارٹ زراعت میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر بھی گفتگو ہوئی۔
موسمیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی استعداد اور ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ منصوبوں کو بینک ایبل بنانے اور سرمایہ کاری کے حصول کے لیے حکومتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
ملاقات میں پاکستان میں موسمیاتی لچک اور پائیدار ترقی کے لیے ترجیحی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے اور یو این ڈی پی کے ساتھ قریبی رابطہ و مربوط تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ترکیہ کی کوپ 31 صدارت کے تحت برج انیشی ایٹو کے تناظر میں موسمیاتی فنانسنگ پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ وزیر خزانہ نے موسمیاتی منصوبوں پر قابل پیمائش اور عملی پیش رفت یقینی بنانے پر زور دیا۔