سنسنی خیز مقابلے کے بعد گلیڈی ایٹرز نے سلطانز کو ہرا دیا

Published On 07 Mar 2018 08:49 PM 

دبئی: (دنیا نیوز) کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے ہرا دیا۔ ملتان سلطانز کے عمر گل اس سیزن میں 6 وکٹیں لینے والے پہلے بولربن گے۔

ملتان سلطانز کے 153 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اسد شفیق اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 48 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ دونوں کھلاڑی بالترتیب 20 اور 26 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد عمر گل کا شکار بنے۔ اس کے بعد ملتان سلطانز کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں ۔ تاہم آخری اوور میں نوجوان کھلاڑی حسن خان نے پولارڈ کو مڈ وکٹ پر چھکا لگا کر جیت کوئٹہ کی جھولی میں ڈال دی۔ 

 

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جنید خان کی جگہ ٹیم کا حصہ بننے والے عمرگل بھرپور فارم میں دکھائی دیے اور انہوں نے میچ میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ملتان سلطان کی بیٹنگ ابتداء میں ہی مشکلات کا شکار رہی، کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد صرف 3 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ ملتان سلطانزکی ٹیم نے آٹھ اوورز کے اختتام پر 46 رنز بنائے، اور اس کے تین کھلاڑی آوٹ ہو گئے۔

اس کے بعد شعیب ملک اور صہیب مقصود نے سلطانز کی بیٹنگ کی کمان سنبھالی اور ٹیم کو ایک مستحکم پوزیشن میں لاکھڑا کیا۔ شعیب ملک نے 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 43 گیندوں پر 65 رنز سکور کیے اور ناقابل شکست رہے۔

اننگز کے اختتام میں ملک کا پولارڈ نے خوب ساتھ نبھایا اور 6 گیندوں پر 15 رنز سکور کیے۔ 

دبئی میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ کپتان سرفراز احمد نے اپنی الیون میں تین تبدیلیاں کی، جبکہ ملتان سلطانز نے اس میچ کے لیے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی تھیں ۔ جنید خان اور براوو کی جگہ عمر گل اور روس وِٹلی کو کھیلایا گیا۔ شارجہ میں پاکستان سپر لیگ تھری کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی تاہم گلیڈی ایٹرز نے یہ میچ جیت کر پہلی شکست کا بدلہ لے لیا ہے۔