دبئی: (دنیا نیوز) پی ایس ایل تھری میں مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنے والی ٹیم لاہور قلندرز نے بالاخر پوائنٹس ٹیبل پر موجود ٹاپ ٹیم ملتان سلطانز کو شکست دے کر پہلی مرتبہ کامیابی سمیٹ لی ہے۔
ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 115 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا جو اس نے صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے ان کے کپتان برینڈن مکلم نے قائدانہ اننگز کھیلی اور 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں گلریز صدف 27 اور اینٹن ڈیوسک 16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے محمد عرفان، شعیب ملک، عمران طاہر اور سیف بدر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور احمد شہزاد اور کمار سنگاکارا کو میدان میں اتارا۔ دونوں بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو اچھا پلیٹ فارم فراہم کیا۔ احمد شہزاد 32 جبکہ سناگاکارا 45 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
تاہم ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ پوائنٹس ٹیبل پر موجود ٹاپ ٹیم کے 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے کیونکہ آج قلندرز کے گیند بازوں نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ سب سے بہترین باؤلنگ نوجوان باؤلر شاہین آفریدی نے کروائی جنہوں نے صرف تین اعشاریہ چار اوورز میں صرف 4 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کے علاوہ سنیل نارائن 2 جبکہ سہیل خان اور مچل کے حصہ میں ایک ایک کھلاڑی آیا۔