دبئی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے 23ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کا 158 رنز کا ہدف19.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پشاور زلمی کے 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی جانب سے اسد شفیق اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم دونوں لمبی اننگز نہ کھیل سکے۔ کوئٹہ کی جانب سے کپتان سرفراز نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
اس سے قبل پشاور کی جانب سے کامران اکمل پہلی بال پر آؤٹ ہوئے اس کے بعد ڈوئن اسمتھ اور محمد حفیظ نے مل کر 56 رنز کی جارحانہ شراکت قائم کی تاہم 49 رنز کے انفرادی اسکور پر ڈوئن اسمتھ آؤٹ ہوگئے۔ اسمتھ نے اننگزمیں 5 چھکے لگائے۔ ڈوئن اسمتھ اور محمد حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد زلمی کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ خوش دل شاہ اور لائم ڈؤسن بالترتیب 4 اور 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے تیسرے راؤنڈ میں شاندار کارکردگی کے باعث ٹورنامنٹ میں کم بیک کیا ہے اور اب تک 8 میچز میں 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔
دفاعی چیمپئنز پشاور زلمی 8 میچز میں سے صرف 3 میں کامیابی حاصل کرکے 6 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں پوزیشن پر ہے۔