اسلام آباد: (دنیانیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی، پرتپاک استقبال کیا گیا، لش پش کرتی ٹرافی لاہور اور پھر کراچی میں بھی لائی جائے گی۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ورلڈ کپ ٹرافی لیکر اسلام آباد پہنچ گئے، آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی کی 3 شہروں میں نمائش کی جائے گی، اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ٹرافی کل سینٹورس مال میں رکھی جائے گی، ٹرافی کی 13 اپریل کو پیکجز مال لاہور اور 14 اپریل کو ڈولمین مال کلفٹن میں رونمائی ہوگی، مرکزی تقریب 14 اپریل کو کراچی میں ہوگی جس میں کنسرٹ، فوڈ فیسٹول اور آتشبازی بھی ہوگی۔
کپتان سرفراز احمد نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ اور اب ٹرافی کی آمد پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا جیت کر دوبارہ اسے پاکستان میں لانے کی کوشش کریں گے۔
بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب میں کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پوری کوشش کریں گے کہ ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کریں۔ مڈل آرڈر ہمارا مضبوط ہے۔ کوشش کریں گے ایسے لڑکے منتخب کریں جو اچھا کھیل سکیں۔ ورلڈ کپ کے میچز سے پہلے پریکٹس میچز میں کمی کوتاہی دور کریں گے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں تمام ٹیمیں بہت ہی مضبوط ہیں کسی کو ہلکا نہیں لے سکتے لیکن ہماری تیاریاں بھی بھرپور ہیں، اچھا پرفارم کریں گے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کے میچ کھیلنے نہ کھیلنے سے بارے کچھ نہیں کہوں گا۔