پی سی بی نے ورلڈ کپ کیلئے 23 ممکنہ کھلاڑیوں کو طلب کر لیا

Last Updated On 04 April,2019 10:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پندرہ اور سولہ اپریل کو نیشنل اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ لئے جائیں گے۔ عمر اکمل کی چھٹی، حتمی پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان 18 اپریل کو ہوگا۔

مشن ورلڈ کپ پاکستان کرٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے پتے شو کر دیئے۔ ممکنہ 23 کرکٹرز کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی طلب کر لیا گیا ہے تاہم عمر اکمل کی چھٹی کرا دی گئی ہے۔ فٹنس ٹیسٹ 15 اور 16 اپریل کو شیڈول ہے۔

ورلڈ کپ کے لئے 15 رکنی حتمی ٹیم کا اعلان 18 اپریل کو کیا جائے گا۔ اوپنرز میں امام الحق، شان مسعود، عابد علی اورفخر زمان پر سلیکٹرز کا اعتماد ہے۔

شعیب ملک، محمد حفیظ، آصف علی، حارث سہیل کو بھی بلاوا بھیجا گیا ہے۔ آل راؤنڈرز میں فہیم اشرف، عماد وسیم اور شاداب خان شامل ہیں۔ تیز گیند بازی میں محمد عامر، حسن علی، جنید خان، محمد عباس، عثمان شنواری، شاہین آفریدی اور محمد حسنین پر انحصار کیا جا رہا ہے۔

وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ان کے علاوہ محمد رضوان، بابر اعظم، یاسر شاہ اور محمد نواز بھی عالمی کپ کھیلنے کے امیدوار ہیں۔

پندرہ رکنی منتخب قومی ٹیم 23 اپریل کو لندن روانہ ہو گی۔ شاہین پانچ سے انیس مئی تک انگلینڈ کے خلاف ایک ٹی ٹونٹی اور پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلیں گے۔ پاکستان کا ورلڈ کپ میں 31 مئی کو پہلا ٹاکرا ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔