شاہینوں نے فیورٹ انگلینڈ کو اعصاب شکن میچ میں آؤٹ کلاس کر دیا

Last Updated On 04 June,2019 12:30 pm

نوٹنگھم: (دنیا نیوز) عالمی کرکٹ کپ کے چھٹے میچ میں شاہینوں نے فیورٹ انگلینڈ کو اعصاب شکن میچ میں 14 رنز سے ہرا دیا۔ قومی ٹیم نے 348 رنز بنائے۔ گرین شرٹس کے بابر اعظم، سرفراز احمد اور محمد حفیظ نے شاندار نصف سنچریاں بنائیں۔ کرس ووکس اور معین علی نے 3.3 وکٹیں لیں۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 334 رنز بنا سکی۔ جوئے روٹ اور جوز بٹلر کی سنچریاں رائیگاں گئیں۔ وہاب ریاض نے 3، شاداب خان اور محمد عامر نے 2.2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ پاکستان نے مسلسل 12 ناکامیوں کے بعد فتح کو گلے لگایا۔ محمد حفیظ کو مین آف دی میچ دیا گیا۔

پاکستان کی اننگز
پاکستان کی طرف سے اوپنرز بلے باز فخر زمان اور امام الحق نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور انگلش باؤلرز کو دباؤ میں رکھا تاہم فخر زمان بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 40 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ قومی بلے باز کو انگلش باؤلر معین علی نے آؤٹ کیا۔
 

میچ کی براہ راست اپ ڈیٹس کے لئے لنک کو کلک کریں

امام الحق نے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کی، تاہم وہ بھی 58 گیندوں پر ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ میچ کے دوران سینئر بیٹسمین محمد حفیظ کو اس وقت چانس ملا جب انہوں نے سپنر عادل راشد کی گیند پر اونچی شارٹ لگائی تاہم فیلڈر جیسن روئے آسان کیچ تھامنے میں ناکام رہے۔ ٹیم کا اس وقت سکور 137 تھا۔

ون ڈائون بیٹسمین بابر اعظم نے 28 ویں اوورز میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی 13 ویں نصف سنچری مکمل کی اور 199 کے مجموعی سکور پر 63 رنز بنا کر سپنر معین علی کی گیند پر ووکس کو کیچ دے بیٹھے۔

گرین شرٹس نے 34 اوورز میں 200 سکور مکمل کیے۔ محمد حفیظ 62 گیندوں پر 84 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ کرس ووکس نے ان کا شاندار کیچ تھاما۔ مڈل آرڈر پر آئے بیٹسمین آصف علی 14 سکور بنا کر ووڈ کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔ ان کا کیچ جونی بیرسٹو نے پکڑا۔

کپتان سرفراز 44 گیندوں پر 55 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر پویلین لوٹے۔ وہاب ریاض 4 سکور پر ووکس کا نشانہ بنے۔ شعیب ملک نے 8 رنز بنائے۔ انہیں ووکس نے کریز چھوڑنے پر مجبور کیا۔ حسن علی نے 5 گیندوں پر 10 جبکہ شاداب خان نے 4 گیندوں پر 10 رنز کی باری کھیلی۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی طرف سے سپنر معین علی، ووکس نے 3.3، ووڈ نے 2 وکیں لیں۔

انگلینڈ کی اننگز

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا پاکستانی باؤلرز نے مورگن الیون کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، تیسرے اوورز میں سپنر شاداب خان نے اوپنر جیسن روئے کو 12 کے مجموعی سکور پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ کر دیا۔ کریز چھوڑنے سے پہلے ان کا سکور 8 تھا۔

انگلینڈ کی طرف سے دوسرے آئوٹ ہونیوالے بیٹسمین جونی بیرسٹو تھے جو 60 رنز پر 31 گیندوں پر 32 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے پویلین بھیجا۔ اس دوران ون ڈائون بیٹسمین جوئے روٹ نے گراؤنڈز کے چاروں طرف خوبصورت شارٹس کھیلے۔

تیسری وکٹ آئن مورگن کی گری جو 86 رنز کے سکور پر محمد حفیظ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، کپتان نے 18 گیندوں پر 9 رنز بنائے۔ چوتھی وکٹ 118 رنز پر گری۔ آل رائونڈر بین سٹوکس 18 گیندوں پر 13 رنز بنا کر شعیب ملک کی گیند پر سرفراز کو کیچ دے بیٹھے۔

ون ڈائون بیٹسمین جوئے روٹ نے پاکستان کیخلاف پہلی سنچری بنائی اور 107 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر آئوٹ ہوا ان کا کیچ محمد حفیظ نے پکڑا۔ وکٹ کیپر جوز بٹلر نے جارحانہ اننگز کھیلی اور شاندار سنچری داغی، انہوں نے 76 گیندوں پر 103 رنز کی اننگز کھیلی، بیٹسمین کو فاسٹ باؤلر محمد عامر نے پویلین بھیجا۔ ان کا کیچ وہاب ریاض نے لیا۔

معین علی کو وہاب ریاض نے پویلین بھیجا۔ انہوں نے 19 رنز کی اننگز کھیلی، اس باری میں انہوں نے ایک چوکا لگایا، کرس ووکس 14 گیندوں پر 21 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ انہوں نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ جوفرا آرچر ایک رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ محمد عامر نے لی۔

انگلینڈ کی ٹیم 334 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے 3، شاداب خان، محمد عامر نے 2.2 جبکہ حفیظ اور شعیب ملک نے 1.1 وکٹیں لیں۔ شاندار اننگز کھیلنے پر محمد حفیظ کو مین آف دی میچ دیا گیا۔