گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) چیف سلیکٹر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مصباح الحق کی 32 لاکھ روپے تنخواہ روکنے کے لیے سول عدالت گوجرانوالہ میں دعویٰ دائر کر دیا گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق یہ دعویٰ مقامی وکیل منظور قادر کی طرف سے دائر کیا گیا ہے، اس درخواست میں چیف ایگزیکٹو اور چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پاکستان 30 ہزار ارب روپے کا مقروض جبکہ چیف سلیکٹر مصبا ح الحق کی تنخواہ 32 لاکھ ماہانہ ہے۔ 32 لاکھ ماہانہ تنخواہ ملک و قوم کے ساتھ ظلم ہے۔ کرکٹ بورڈ کے شاہانہ اخراجات سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔
دعویٰ میں حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ وکیل کی طرف سے دعویٰ دائر کیے جانے کے بعد سول جج ابرار علی خان نے 15 اکتوبر کو بحث کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے چیئرمین، چیف ایگزیکٹو اور چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو 15 اکتوبر کو طلب کر لیا ہے۔