ٹی 20 سیریز گرین شرٹس کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی

Last Updated On 09 October,2019 10:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے دو میچ کے دوران قومی ٹیم کی باؤلنگ اور بیٹنگ کی کارکردگی ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی۔

دنیا نیوز کے مطابق جن پہ تکیہ تھا وہی پتے ہوا دینے لگے کے مصداق بلے باز ہی نہیں گیند باز بھی دھوکہ باز ثابت ہوئے، بابر اعظم اور فخر زمان غیر موثر ثابت ہوئے، دونوں میچز کے دوران احمد اور عمر کی کریز پر عمر مختصر رہی، عامر، وہاب ریاض اور شاداب خان کے بھی خواب بس! خواب ہی رہے۔

یہ بھی پڑھیں: خود اعتمادی لے ڈوبی، لنکن ’نوآموز‘ ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز میں فاتح

زندہ دلان کے شہر میں ٹی ٹوئنٹی کے شیروں کی مردہ پرفارمنس رہی، سری لنکن بے بی ٹیم کیخلاف سیریز میں شرمناک شکست نے سب کے دل افسردہ کر دیئے۔ دو میچز میں بلے باز دھوکہ باز ثابت ہوئے، کوئی کھلاڑی ایک ففٹی بھی مکمل نہ کر سکا۔

ٹی ٹونٹی میں فخر پاکستان اوپنر فخر زمان نے مان توڑا، ایک میچ میں صرف 6 رنز بنائے اور غیر ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بولڈ ہوئے۔ ٹی ٹونٹی میں رنز کے انبار لگانے والے بابر اعظم بھی سیریز میں ناکام رہے، دو میچز میں سولہ رنز بنا سکے۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز بنا کر خود کو ٹیم میں واپس لانے والے سیلفی بوائے احمد شہزاد بھی ناکام رہے، دو میچز میں صرف سترہ رنز بنا سکے جبکہ ماضی میں متعدد بار تنازعات میں الجھنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین دونوں اننگز میں صفر پر پویلین چلتے بنے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر اکمل ٹی ٹونٹی میں زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونیوالے دوسرے بیٹسمین بن گئے

میچ کے بعد اکثر اوقات ٹیم میں اوپر رنز پر نہ کھلانے کا شکوہ کرنے والے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی کوئی بڑی اننگز نہ کھیل سکے، اس سیریز کے پہلے دو میچز کے دوران صرف پچاس رنز بنا سکے۔

ون ڈے میچوں میں نظر انداز ہونے والے پاور ہٹر آصف علی کیلئے بھی سیریز خوفناک ثابت ہوئی، سیریز میں کوئی ہٹ اور اننگز سپر ہٹ نہ ہو سکی، دو میچز میں انفرادی کارکردگی رہی اور صرف 35 رنز بنا سکے۔

دوسری طرف طوفانی اٹیک کو بھی گویا بریک لگی رہی، سپنرز کی بریکس بھی نہ چل سکیں، ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کش محمد عامر ٹی ٹوئنٹی میں بھی ٹھس ثابت ہوئے اور دونوں میچز میں کوئی وکٹ نہ حاصل کر سکے۔ عماد وسیم کے حصے میں صرف ایک وکٹ آئی۔

اُدھر قومی ٹیم کے ینگ فاسٹ باؤلر محمد حسنین کی کارکردگی بھی اوسط رہی، واحد ہیٹ ٹرک کرنے والے محمد حسنین کو آٹھ اوورز میں 9.5 کی اوسط سے رنز پڑے، گگلی ماسٹر شاداب خان بھی بے جان ثابت ہوئے، دو میچز میں بس دو شکار کیے۔