لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ فائیو کے اہم میچز ایک بار پھر لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ آج دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز میں زور کا جوڑ پڑے گا۔ دونوں ٹیمیں اور ان کے شائقین جیت کے لیے پرامید دکھائی دے رہے ہیں۔
لاہور میں کرکٹ کے عالمی ستارے پھر جگمگائیں گے، لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ بڑے میچ کی تیاری کیلئے قذافی سٹیڈیم میں بڑے انتظامات مکمل ہیں۔
کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفراز احمد ٹرافی جیتنے اور کپتان لاہور قلندرز سہیل اختر کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ میچ سے قبل لاہوریوں کا جوش و خروش بھی دیدنی ہے۔
شائقین کرکٹ کہتے ہیں 7 میچ باقی ہیں، لاہور قلندر کم بیک کرسکتی ہے۔ ادھر دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شائقین بھی پرامید دکھائی دئیے۔ جیت کسی کی بھی ہو لیکن یہ تو یقینی ہے کہ شائقین ایک بار پھر قذافی سٹیڈیم میں چھکوں، چوکوں سے لطف اندوز ہوں گے۔