پی ایس ایل فائیو:ڈنک کی جارحانہ بیٹنگ، قلندرز کو پہلی فتح مل گئی، گلیڈی ایٹرز کو ہرا دیا

Last Updated On 03 March,2020 11:08 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے دوسرے مرحلے کے دوران لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 37 رنز سے زیر کر کے ایونٹ میں پہلی فتح حاصل کر لی۔ بین ڈنک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز کو بے بس کر دیا اور مرد میدان قرار پائے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ فائیو کے دوسرے مرحلے کے دوران 16 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور لاہور قلندرز کو ہوم گراؤنڈ پر بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور کرس لائن نے کیا۔

لاہور قلندرز کی ٹیم نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور وکٹ کے چاروں اطراف فخر زمان اور کرس لائن نے شارٹس کھیلے، تاہم 36 کے مجموعی سکور پر فخر محمد نواز کی گیند پر انور علی کو کیچ دے بیٹھے۔

کرس لائن 22 گیندوں پر 27 رنز بنا کر محمد حسنین کا شکاربن گئے، محمد حفیظ پہلی ہی گیند پر فواد احمد کا شکار بن گئے، شین واٹسن نے شاندار کیچ تھاما۔

بین ڈنک اور سمت پٹیل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز کو بے بس کر دیا، 15 اوورز کے دوران ڈنک نے محمد نواز کو ایک اوور میں چار چھکے لگائے۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے سمت پٹیل نے ساتھ نبھاتے ہوئے 40 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیلی۔ کٹنگ کی گیند پر محمد نواز نے کیچ تھاما۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے بین ڈنک نے 43 گیندوں پر 93 رنز کی طوفانی باری کھیلی۔ کٹنگ کی گیند پر احسن علی نے کیچ تھاما۔ ان کی اس اننگز کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ انہوں نے ایک میچ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا، انہوں نے دس چھکے لگائے۔ اس سے قبل عمر اکمل اور شرجیل خان نے ایک میچ کے دوران 8.8 چھکے مارے ہوئے ہیں۔

لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 209 رنز بنائے۔ پاکستان سپر لیگ کا تیسرا بڑا ٹوٹل ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے فواد احمد، محمد نواز، محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے اننگز کا آغاز انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جیسن روئے اور سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے کیا۔

میچ میں دوسرے اوورز کے دوران قذافی سٹیڈیم کی اچانک لائٹس بند ہو گئی جس کی وجہ سے میچ کو تھوڑی دیر کے لیے روکنا پڑا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پلیئرز دوبارہ پویلین لوٹ گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلا نقصان جیسن روئے کی صورت میں اٹھانا پڑا، بیٹسمین 11 گیندوں پر 12 رنز بنا کر سمٹ پٹیل کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ احسن علی دو رنز بنا کر دلبر حسین کی گیند پر کرس لائن نے کیچ پکڑا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد 50 کے مجموعی سکور پر 7 گیندوں پر 9 رنز بنا کر سمت پٹیل کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، محمد حفیظ نے کیچ تھاما۔

شین واٹسن کی اننگز 23 تک محدود رہی۔ دلبر حسین نے وکٹ حاصل کی، وکٹ کیپر بین ڈنک نے کیچ پکڑا۔ اعظم خان 12 سکور بنا کر فاسٹ باؤلر سلمان ارشاد کا نشانہ بنے۔

 

دیگر بیٹسمینوں میں محمد نواز 24، انور علی 4 رنز بنا سکے جبکہ بین کٹنگ نے 27 گیندوں پر 53 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 172 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سلمان ارشاد نے 4 وکٹیں حاصل کی، محمد فیضان ، سمت پٹیل اور دلبر حسین نے دو دو شکار کیے۔

 ٹاس جیتنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ سہیل خان کی جگہ فواد احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا تھا کہ ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ بین ڈنک، محمد فیضان، پرسانا کو ٹیم میں شامل کیا جائے۔