لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے لمحات بہت تکلیف دہ تھے لیکن یقین تھا کہ یہ کٹھن وقت جلد گزر جائے گا۔
برطانیہ روانگی سے پہلے شاداب خان نے پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ ویڈیومیں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کوویڈ 19 کا دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آنے پر بہت خوش ہوا، سب سے پہلے والدین کو بتایا۔ میرے والدین ٹیسٹ مثبت آنے پر بہت پریشان ہو گئے تھے۔ ٹیسٹ مثبت آنے پر پی سی بی نے بڑا حوصلہ بڑھایا اور رابطہ رکھ کراکیلے ہوجانے کا احساس نہیں ہونے دیا۔
شاداب خان نے کہا کہ لاہورمیں کھلاڑیوں کے ساتھ دوبارہ ملنا بہت اچھا لگا، ٹیم پہلے چلی گئی تھی پھر بھی کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں رہا۔ اب ٹیم کے ان ساتھیوں میں شامل ہونے کی خوشی ہے، اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد ، فہیم اشرف اورموسی خان کے ساتھ رابطہ رہا۔