نئی دہلی: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی کرکٹر پیوش چاولہ کے والد پرمود کمار چاولہ کورونا وائرس سے چل بسے۔
32 سالہ کرکٹر پیوش چاولہ نے سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ انسٹا گرام پر بتایا کہ میرے والد کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث جان کی بازی ہارے ہیں۔ ہم اس مشکل وقت میں آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ لیگ سپنر پیوش چاولہ 2007ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور 2011ء کے ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے دونوں بھارتی سکواڈز کا حصہ تھے۔ حالیہ آئی پی ایل میں وہ ممبئی انڈینز کا حصہ تھے۔
یاد رہے کہ بھارت میں ایک دن میں کورونا کے مزید دو لاکھ اٹھتر ہزار نئے مریض سامنے آگئے جبکہ مزید تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔