لندن: (دنیا نیوز) ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی فتح کے بعد سٹیڈیم کے باہر موجود لڑکی نے کپتان بابراعظم کو وزیراعظم کے عہدے پر دیکھنے کی خواہش ظاہر کردی۔
دنیا نیوز کے ہیڈ آف انٹرنیشنل نیوز آپریشنز اظہر جاوید نے قومی ٹیم کے بابر اعظم سے متعلق سوال پوچھا تو کرکٹ کی مداح لڑکی نے جواب دیا کہ قومی ٹیم کے کپتان کسی فرشتے سے کم نہیں، وہ بہت اچھے ہیں۔ دل جیت لیتے ہیں، بابر اعظم نہیں ہوں گے تو ہماری ٹیم کا کیا ہو گا، بابر اعظم سے ٹیم ہے، ٹیم سے بابر اعظم نہیں ہے۔
اظہر جاویدنے سوال پوچھا کہ کیا انہیں وزیراعظم بنا دیا جائے جس پر مداح لڑکی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان بھی اپنے دور کے بہترین کرکٹر تھے اور آج وہ وزیراعظم ہیں، وہ کرسی سے گراؤنڈ پر آ نہیں رہے کھیلنے کے لیے، بابر اعظم بہت اچھا کرکٹ کھیلتے ہیں، ساری زندگی تو کرکٹ نہیں کھیلیں گے، ایک دن ریٹائر تو ہونا ہے، یہی جذبہ، یہی چوکے اور چھکے ملک کو اونچا لے جانے کے لیے، اسی وجہ سے بابر اعظم کو وزیراعظم پاکستان ہونا چاہیے۔