لیڈز ٹیسٹ: شرمناک بلے بازی، ہندوستانی کرکٹ ٹیم صرف 78 رن پر ڈھیر

Published On 25 August,2021 08:55 pm

لندن: (ویب ڈیسک) ہندوستانی ٹیم لیڈز ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں صرف 78 رنز پر ڈھیر ہو گئی ہے۔ ٹیم انڈیا کا ایک بھی بلے باز 20 رن تک نہیں پہنچ پایا۔ روہت شرما نے سب سے زیادہ 19 رنز بنائے۔

انگلینڈ کے خلاف یہ ہندوستانی ٹیم کا تیسرا سب سے کم سکور ہے۔ اس سے پہلے وہ 1974ء میں لارڈز ٹیسٹ میں 42 اور 1952ء میں مانچسٹر ٹیسٹ میں 58 رنز بنا سکی تھی۔ اب پورے 47 سال بعد ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ میں اتنی شرمناک کارکردگی دکھائی ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں یہ ہندوستانی ٹیم کا 9واں سب سے کم سکور ہے۔ گزشتہ سال ہی آسٹریلیا دورے پر ٹیم انڈیا ایڈیلیڈ میں محض 36 رنوں پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ہندوستانی ٹیم نے اپنے آخری 5 وکٹ صرف 11 رنز پر گنوائے۔ ایک وقت ٹیم انڈیا کا اسکور 5 وکٹ پر 67 رن تھا، لیکن اس کے بعد وہ 78 رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔

ٹیسٹ کرکٹ کی پہلی اننگز میں یہ ہندوستان کا انگلینڈ کے خلاف سب سے کم سکور ہے۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم پہلی اننگز میں چار بار اور 100 سے کم رنز پر آؤٹ ہو چکی ہے۔ ٹسٹ کی پہلی اننگز میں اس کا سب سے کم سکور 75 رنز ہے جو کہ 1987ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنا تھا۔
 

Advertisement