نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی مشہور اداکارہ گوہر خان کا کہنا ہے کہ فلسطین اور شام میں بھی امن نہیں لیکن اس کے بارے میں کوئی بات کرنے کو تیار نہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گوہر خان نے 38 ویں سالگرہ کے موقع پر کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ لوگ طاقت، مذہب اور دوسروں کے ذہنوں کے استحصال کے نام پر کوئی بھی کارروائی کرنا چھوڑ دیں۔
اداکارہ نے کہا کہ آج کل ہر شخص افغانستان میں طالبان کے کنٹرول سے متعلق بات کررہا ہے جو کہ پاگل پن ہے، جاننا چاہتی ہوں کتنے لوگ ایسے ہیں جنہوں نے 20 سالوں میں افغانستان میں امریکا کے دورِ حکومت کے دوران افغانیوں کے مسئلوں کے خلاف آواز اٹھائی؟
انہوں نے کہا کہ اس تمام وقت کے دوران افغانستان میں سکون سے نہیں گزارا، جنگ کا دورانیہ تھا، لوگ امریکا کی حکومت کے وقت بھی مر رہے تھے، طالبان بھی حملے کررہے تھے، شام اور فلسطین میں بھی امن نہیں لیکن کوئی اس حوالے سے بات نہیں کرتا۔ مجھے لگتا ہے یہ میڈیا کی جانب سے چلائے جانیوالا پروپیگنڈا ہے کہ لوگوں کو کس مسئلے کی حمایت کرنی چاہیے۔