نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک انوکھی ویڈیو نے سب کو حیران کر ڈالا ہے، جہاں پر ایک دلہن نے مرضی کا گانا نہ چلانے پر شادی کی تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شادی کا دن کسی بھی شخص کی زندگی کا یادگار دن ہوتا ہے، اس روز کیلئے لوگ کئی سال اور مہینوں سے تیاریوں میں مصروف ہوتے ہیں، ایسے میں ذرا سا کچھ مرضی کیخلاف ہو جائے تو موڈ کا خراب ہونا فطری رد عمل ہوتا ہے۔
اکثر و بیشتر انٹرنیٹ پر شادی بیاہ کے مواقع کی عجیب و غریب ویڈیوز زیرِ گردش رہتی ہیں، ایسی ہی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
دی ویڈنگ بریگیڈ نامی انسٹاگرام پیج نے انتہائی دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ناراض دلہن نے اپنے اہلخانہ اور دوستوں کو پریشان کر رکھا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہن ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہی ہے کہ وہی لگے گا، میں نے بولا تھا وہ گانا لگے گا۔
سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو بھارت کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن نے اپنی شادی کی تقریب میں داخل ہونے سے ہی انکار کر دیا کیونکہ انٹری پر اس کی پسند کا گانا نہیں لگایا گیا تھا جبکہ اس کے گھر والے اسے سمجھا رہے ہیں کہ ہاں وہ گانا لگا رہے ہیں۔
مداحوں نے اس پوسٹ پر اپنے تبصرے بھی پیش کیے، کسی نے دلہن کو سراہا تو کسی نے اپنی شادی کا تجربہ شیئر کیا۔