نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہا اپنی دلہن کو ہال میں داخل ہوتے دیکھ کر اس قدر پرجوش ہوتا ہے کہ کھڑے ہو کر سیٹیاں بجانی شروع کر دیتا ہے
تفصیلات کے مطابق شادی کا دن ہر لڑکے لڑکی کی زندگی کا اہم ترین دن ہوتا ہے اور اس روز دلہا دلہن کی خوشی دیدنی ہوتی ہے، تاہم لجائے شرمائے دلہا دلہن اس خوشی کو مصنوعی سنجیدگی کے پردے تلے دبائے رکھتے ہیں۔
گزشتہ دنوں بھارت میں ایک دلہا نے لجا کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی دلہن کے ہال میں داخل ہونے پر خوشی کا کچھ یوں اظہار کیا کہ ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ویڈیو ’دلہنیا‘ نامی انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی گئی ہے۔ یہ دلہا اپنی دلہن کو ہال میں داخل ہوتے دیکھ کر اس قدر پرجوش ہوتا ہے کہ کھڑے ہو کر سیٹیاں بجانی شروع کر دیتا ہے۔
دلہن اپنے ماں باپ اور رشتہ داروں کے جلو میں پھولوں کی چادر تلے رقص کرتی ہوئی ہال میں آتی ہے۔ جب دلہن ہال کے درمیان میں پہنچتی ہے تو دولہا بھی سیٹیاں بجاتا وہاں پہنچ جاتا ہے اور اپنی دلہن کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر محو رقص ہو جاتا ہے۔
تین دن قبل پوسٹ کی گئی اس ویڈیو کو اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔