’پاکستان محفوظ ملک ہے‘: قومی کرکٹرز سیریز منسوخ ہونے پر مایوس

Published On 17 September,2021 04:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹرز نے پاکستان کو ایک محفوظ اور قابل فخر قوم قرار دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز منسوخ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پہلا میچ شروع ہونے سے قبل سیکیورٹی خدشات کی وجہ بتا کر دورہ پاکستان منسوخ کر دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا ہے کہ انہیں سیکیورٹی کے حوالے سے الرٹ موصول ہوا ہے اس لیے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومتِ پاکستان نے مہمان ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے، ہم نے نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی اور وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی ہم منصب سے رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ ہماری سیکیورٹی انٹیلی جنس دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سیکیورٹی کا خطرہ نہیں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے لکھا کہ سیریز کے اچانک ملتوی ہونے پر انتہائی مایوسی ہے، جو پاکستان کرکٹ کے لاکھوں شائقین کے لیے مسکراہٹیں واپس لا سکتی تھی۔ مجھے اپنی سکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں اور ساکھ پر پورا بھروسہ ہے۔ وہ ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

ٹویٹر پر قومی ٹیم کے کپتان نے پاکستان زندہ باد لکھا۔

قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال تسلی بخش ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو غیر معمولی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، مکمل یقین دہانی اور اطمینان کے بعد سیریز آخری منٹ میں منسوخ کرنا بہت افسوسناک ہے۔

دوسری طرف ٹویٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شاداب خان نے کہا کہ یہ دل دہلا دینے والا ہے، پاکستانیوں کو کرکٹ بہت پسند ہے اور ہم نے ملک میں کرکٹ کو واپس لانے کے لیے بہت محنت کی ہے۔

شاداب خان نے کہا کہ پی ایس ایل اور پاکستان کا دورہ کرنے والی دیگر ٹیمیں ہماری مہمان نوازی اور سیکیورٹی انتظامات کا ثبوت ہیں۔ہم ملک میں کرکٹ واپس لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ٹویٹر پر لکھا کہ کاش میرے پاس مایوسی کو بیان کرنے کے الفاظ ہوتے، پاکستان کے پاس نہ صرف دنیا کی بہترین سکیورٹی فورس ہے جبکہ بہت سی غیر ملکی ٹیموں نے ماضی میں پاکستان میں اپنے کرکٹ دورے کامیابی سے اور پرامن طریقے سے مکمل کیے ہیں۔

شاہین شاہ نے آخر میں پاکستان زندہ باد کا ہیش ٹیگ لکھا

قومی ٹیم کے پروفیسر محمد حفیظ نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ پاکستان ایک محفوظ اور قابل فخر قوم ہے۔ سیریز ملتوی کرنا پوری قوم کے لیے بالکل افسوسناک خبر ہے۔
 


Advertisement