ٹی 20ورلڈ کپ افتتاح:میزبان عمان نے پاپوا نیوگنی کو10وکٹوں سے شکست دیدی

Published On 17 October,2021 03:12 pm

مسقط :(دنیا نیوز)عمان میں ٹی 20 ورلڈکپ کا میلہ سج گیا، رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں ثقافتی رنگ بکھر گئے. افتتاحی میچ میں میزبان عمان کی ٹیم نے پاپوا نیوگنی کو 10وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا ہے۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ عمان میں شروع ہو گیا، کرکٹ دیوانوں کا جوش وخروش دیدنی ہے۔ ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں میزبان عمان  نے پاپوا نیو گنی کے خلاف ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی ۔

پاپوا نیوگنی نے پہلے کھیلتے ہوئے 129رنز بنائے، کپتان اسد والا 56 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، چارلس امینی 37، سیزی باؤ 13 رنز بنا کر آؤٹ رہے جبکہ عمان کے ذیشان مقصود 4، بلال خان اور کلیم اللہ کی 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

130رنز کا ہدف میزبان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے13اعشاریہ 4اوورز میں حاصل کرلیا،عاقب الیاس50اور جیتندر سنگھ73رنز بناکر ناقابل شکست رہے،ذیشان مقصود کو میچ میں 4وکٹیں حاصل کرنے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 ایونٹ کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش اور سکاٹ لینڈ کا مقابلہ ہوگا۔ دبئی میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے تما م کوویڈ ٹیسٹ منفی آگئے ہیں، کل ویسٹ انڈیز کیخلاف وارم اپ میچ کھیلیں گے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی اور عالمی کپ دو مرحلوں میں کھیلا جائے گا، پہلے مرحلے کا آغاز آج سے ہو رہا ہے جس میں 8 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

پہلے راؤنڈ کے گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور نمیبیا شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ، پاپوانیوگنی اور میزبان اومان شامل ہیں، دونوں گروپس سے ٹاپ ٹو ٹیمیں سپر 12 کے لئے کوالیفائی کریں گی۔سپر 12 کے گروپ 1 اور گروپ 2 میں پہلے سے 8 ٹیمیں موجود ہیں جس میں گروپ اے میں انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ 2 میں پاکستان کے ساتھ بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔

دوسری طرف دبئی پہنچنے کے بعد ہونے والی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے نتائج منفی آنے کے بعد قومی سکواڈ کے ارکان کو اکٹھے سرگرمیوں کی اجازت مل گئی۔قومی سکواڈ نے دبئی کے ہوٹل میں 2 گھنٹے سے زائد کا جم سیشن کیا۔کھلاڑیوں نے ریکوری کے لئے پول سیشن میں بھی حصہ لیا، ٹیم آج سے ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز کرے گی، کل پہلا وارم اپ میچ ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلا جائے گا، قومی ٹیم اپنا دوسرا اور آخری وارم اپ میچ 20 اکتوبرکو جنوبی افریقہ کیخلاف کھیلے گی جبکہ 24اکتوبر کو میگا ایونٹ کے پہلے میچ میں بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔
 

Advertisement