ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان خطرات سے دوچار

Published On 28 October,2021 03:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان خطرات سے دوچار ہو گیا، تین قومی ویمن کرکٹرز کا کوویڈ ٹیسٹ پازٹیو آنے کے بعد کیمپ موخر کرکے کھلاڑیوں کو دو نومبر تک آئسو لیٹ کردیا گیا، ویسٹ انڈیز کی یکم نومبر کو پاکستان آمد طے ہے۔

پی سی بی ترجمان کےمطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری کیمپ میں تین کھلاڑیوں کی کوویڈ 19رپورٹ مثبت آئی، تینوں کرکٹرز چھ نومبر تک دس روز آئسولیشن میں گزاریں گی، دوسری جانب پاکستان ویمن اسکواڈ کی دیگر کھلاڑیوں کو دو نومبر تک آئسو لیشن میں رکھا جائے گا، واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل ہوم سیریز اور آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ منگل سے شروع ہوا تھا۔

قبل ازیں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر، نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر شیڈول کیمپ دو مرتبہ ملتوی کیا گیا تھا، کیمپ میں دونوں ایونٹس کے لیے اعلان کردہ پاکستان کی 18 رکنی ٹیم مدعو تھی، ان میں جوریہ خان (کپتان)، ایمن انو، عالیہ ریاض ، انعم امین ، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید ، کائنات امتیاز ، ماہم طارق ، منیبہ علی ، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمائمہ سہیل، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور سدرہ نواز (وکٹ کیپر) شامل ہیں۔

پروگرام کے تحت ہوم سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز ٹیم کو یکم نومبر کو دورہ پاکستان پر کراچی پہنچنا ہے، نئی صورتحال میں4 تا7 نومبر دونوں ٹیموں کی پریکٹس اور ٹریننگ سیشنز متاثر ہوں گے، ون ڈے میچز 8 ،11 اور14 نومبر کو نیشنل اسٹیڈیم پر طے ہیں، بعدازاں دونوں ٹیموں کو 16 نومبر کو زمبابوے روانہ ہونا تھا جہاں 21 نومبرتا 5 دسمبر آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر ہونا ہیں۔
 

Advertisement