لاہور: (علی مصطفیٰ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے ماضی کے لیجنڈز ’ٹو ڈبلیوز‘ کے نام سے مشہور وسیم اکرم اور وقار یونس کی جوڑی کا ایک سال میں زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی دھوم ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی میں مچی ہوئی ہے، نوجوان باؤلر نے اپنی گیند بازی سے سب کے دل جیتے ہوئے ہیں، بنگلا دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران انہوں نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور سیریز میں دس شکار اپنے نام کیے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں پیدا ہونے والے فاسٹ باؤلر نے ایک سال کے دوران پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ سابق لیجنڈ فاسٹ باؤلر وسیم اکرم سے چھین لیا ہے۔
پاکستان کی طرف سے سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے 1995ء میں 45 شکار کیے تھے جبکہ بنگال ٹائیگرز کیخلاف کھیلے جانے والی سیریز میں شاہین شاہ آفریدی نے 10 شکار کر کے اپنی وکٹوں کی تعداد 47 کر لی ہے۔
نوجوان فاسٹ باؤلر کی 2021ء کی انفرادی کارکردگی کی بات کی جائے تو شاہین شاہ آفریدی نے 3 جنوری 2021ء کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 2 آؤٹ کیے، 26 جنوری کو جنوبی افریقا کیخلاف کراچی میں اتنے ہی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 4 فروری 2021ء کو پروٹیز ٹیم کیخلاف پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
29 اپریل 2021ء کو زمبابوے کے خلاف ہرارے میں کھیلے جانے والے میچ میں انہوں نے چار شکار کیے، 7 فروری 2021ء کو ہرارے میں ہی کھیلے جانے والے میچ میں انہوں نے 6 مہرے کھسکائے۔
12 اگست 2021ء کو ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں شاہین نے 8 کھلاڑیوں کی وکٹیں حاصل کیں۔ 20 اگست 2021ء کو کنگسٹن میں ہی شاہین شاہ آفریدی نے ایک مرتبہ پھر زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے 10 وکٹیں حاصل کیں۔
26 نومبر 2021ء کو بنگلا دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں انہوں نے 7 وکٹیں حاصل کیں، اسی طرح دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ایک جبکہ دوسری اننگز میں دو شکار کیے۔
سابق عظیم فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے 1995ء میں 45 شکار کیے تھے۔ جبکہ ایک سال کے دوران شاہین شاہ آفریدی کی وکٹوں کی تعداد 47 ہو گئی ہے۔
دوسری طرف قومی ٹیم کے ایک اور فاسٹ باؤلر حسن علی نے وقار یونس کا ایک سال کے دوران 40 وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
ایک سال کی انفرادی کارکردگی کی بات کریں تو حسن علی طویل عرصے بعد ٹیسٹ میچ میں واپس آئے تھے اور آتے ساتھ ہی انہوں نے اپنی زبردست باؤلنگ سے سب کو اپنا گرویدہ بنا لیا تھا۔
رواں سال 26 جنوری 2021ء کو کراچی میں جنوبی افریقا کیخلاف حسن علی نے دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا تاہم 4 فروری 2021ء کو راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں انہوں نے زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
29 اپریل کو قومی ٹیم نے زمبابوے کا دورہ کیا جہاں پر ’جنریٹر‘ کے نام سے مشہور فاسٹ باؤلر نے ایک مرتبہ پھر اپنی دھاک بٹھاتے ہوئے 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 7 مئی 2021ء کو طویل فارمیٹ کے میچ میں انہوں نے 5 شکار کیے تھے۔
12 اگست کو قومی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا جہاں پر کنگسٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں انہوں نے چار کھلاڑیوں کو چلتا کیا، 20 اگست کو اسی میدان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں فاسٹ باؤلر نے کالی آندھی کے دو پلیئرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔
قومی ٹیم نے اسی دوران بنگلا دیش کا دورہ کیا جہاں پر 26 نومبر کو حسن علی نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک مرتبہ پھر زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 شکار کیے جبکہ ڈھاکا میں کھیلے جانے والے دوسرے طویل فارمیٹ میچ میں ان کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔
اس طرح 2021ء کے دوران انہوں نے 41 وکٹیں حاصل کر کے وقار یونس کا ریکارڈ توڑ دیا، سابق عظیم فاسٹ باؤلر نے 2002ء میں 40 وکٹیں حاصل کی تھیں۔