آسٹریلین کپتان کی جانب سے شراب کا جشن رکوانے پر عثمان خواجہ کا بھی ردعمل آگیا

Published On 17 January,2022 05:45 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) انگلینڈ کے خلاف ایشز ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد آسٹریلین ٹیم کی جانب سے جشن منایا گیا مگر اس جشن کی خاص بات یہ تھی کہ کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کی وجہ سے شراب کے جشن کو رکوادیا اور اوپننگ بیٹر کو خوشی میں شامل کیا۔

پیٹ کمنز کے اس عمل کی سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی کی جارہی ہے اور ہر کوئی آسٹریلین کپتان کی تعریف کرنے میں مصروف ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب آسٹریلین ٹیم ٹرافی کے ہمراہ شراب کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئی تو کپتان پیٹ کمنز نے محسوس کیا کہ ٹیم فوٹو سیشن میں ان کے مسلمان ساتھی کرکٹر عثمان خواجہ موجود نہیں ہیں۔

پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کو بلایا اور تمام ساتھی کرکٹرز سے شراب کے ساتھ جشن تھوڑی دیر کے لیے روکنے کا کہا جس پر آسٹریلوی کرکٹرز نے شراب کی بوتلیں زمین پر رکھ دیں اور پھر عثمان خواجہ نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن میں حصہ لیا۔

آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کے اس عمل کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے جبکہ عثمان خواجہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

اب آسٹریلیا کی ٹیم میں شامل پاکستانی نژاد بیٹر عثمان خواجہ نے ٹیم کی جانب سے شراب کا جشن چھوڑ کر فتح کی خوشی میں خود کو شامل کرنے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

عثمان خواجہ نے کہا کہ یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد آپ کو ایسا نہیں لگتا کہ لڑکے مجھے سپورٹ کرتے ہیں، اگر ایسا نہیں ہے تو مجھے نہیں پتہ کہ پھر کیا ہے۔

آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا کہ ٹیم نے اپنا معمول کا شراب کا جشن چھوڑا تاکہ میں بھی خوشی میں ان کے ساتھ شامل ہو سکوں۔

پاکستانی نژاد عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ کھیل کے دوران ہماری اقدار بہت اہم ہوتی ہیں اور مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم بالکل ٹھیک سمت میں جارہے ہیں۔
 

Advertisement