بابر اعظم آئی سی سی ون ڈے پلئیر آف دی ائیر قرار

Published On 24 January,2022 12:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی کپتان بابر اعظم نے آئی سی سی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا ہے جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیئے گئے ہیں۔

شاباش بابر اعظم،آئی سی سی نے قومی کپتان کو ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر قرار دے دیا۔ بابر اعظم ، پال اسٹرلنگ ، جانیمن میلان اور شکیب الحسن ون ڈے کے بہترین کھلاڑی کے لیے نامزد کیے گئے تھے۔ بابر اعظم نے سال 2021 میں چھ ون ڈے میچز میں 67.50 کی اوسط سے 405 رنز اسکور کیے۔ قومی کپتان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچز کی سیریز میں ایک سنچری کی بدولت 228 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بابر اعظم نے کیرئیر بیسٹ ایک سو اٹھاون رنز کی اننگز کی بدولت 177 رنز اسکور کیےتھے۔

بابر اعظم کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پی سی بی اور فینز کاسپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں ، مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے ، انگلینڈ کے خلاف 158 رنز کی اننگز یادگار تھی ، جنوبی افریقہ میں جیت حاصل کرنے سے مورال بلند ہوا ۔

ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ انگلینڈ کے جوروٹ نے جیت لیا ہے ، انگلش کپتان نے سال 2021 میں سترہ سو آٹھ رنز بنائے تھے۔

 

Advertisement