مظفر آباد: (ویب ڈیسک) سفیدی کی چادر اوڑھے آزاد کشمیر کے ضلع باغ کا خوبصورت سیاحتی مقام سدھن گلی ونٹر ٹورازم کی سہولیات نہ ہونے کے باعث ویران پڑا ہے۔ برف باری کے باعث ذرائع مواصلات کی بندش ونٹر ٹورازم کے فروغ کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
باغ سے صرف 16 کلومیٹر کے فاصلے پر آزاد کشمیر کا نہایت ہی دلفریب اور صحت افزا مقام سدھن گلی واقع ہے، یہ علاقہ سطح سمندر سے سات ہزار فٹ بلند اور قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔ سدھن گلی میں آج کل ہر طرف برف ہی برف دکھائی دیتی ہے۔
گرمی کے موسم میں ملک بھر سے سیاح سدھن گلی کا رخ کرتے ہیں۔ خوبصورت نظاروں کے باوجود آج کل یہ علاقہ ونٹر ٹورازم کی سہولیات نہ ہونے کے باعث ویران پڑا ہے۔ مقامی افراد جہاں سہولیات کے فقدان کی بات کرتے ہیں وہیں اُن کا کہنا ہے کہ سہولیات فراہم کر کے سدھن گلی کو ٹورازم کا مرکز بنایا جا سکتا ہے۔
سدھن گلی کو باغ اور آزادکشمیر کے دیگر علاقوں سے ملانے والی سڑکیں برفباری کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہیں اور ہر سال سردیوں میں کئی کئی ماہ یہ سڑکیں بند رہتی ہیں جس کے باعث یہاں سیاح بہت کم تعداد میں آتے ہیں، یہاں کے ہوٹلز اور سرکاری و پرائیویٹ ریسٹ ہاؤسز بھی ویران پڑے ہیں۔