سانحہ مری کے بعد آزاد کشمیر انتظامیہ بھی الرٹ، پیر چناسی سیاحوں کیلئے بند

Published On 10 January,2022 02:18 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) سانحہ مری کے بعد آزاد کشمیر انتظامیہ بھی الرٹ ہوگئی۔ تفریحی مقام پیر چناسی کو سیاحوں کیلئے بند کر دیا گیا، سڑک پر پھسلن کے باعث ٹریفک کو روکا گیا۔

مری میں بڑا انسانی المیے کے بعد فضا بدستور سوگوار ہے۔ سیاحتی مقام پر ویرانی کے ڈیرے ہیں۔ برف سے ڈھکی چوٹیوں میں قائم ہوٹل اور ریسٹورنٹ کھلے ضرور مگر اب کوئی سیاح نہیں۔ اہم مرکزی شاہراہوں کو کھول دیا گیا تاہم بعض پر سے اب بھی برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔ پاک فوج کی ہیوی مشینری برف ہٹانے میں مصروف جبکہ شاہراہوں پر برف میں دھنس جانے والی گاڑیاں بھی موجود ہیں۔

ملکہ کوہسار مری میں موسم خوشگوار اور دھوپ ہے مگر سیاح نہیں، مقامی افراد کو شناختی کارڈ دکھا کر جانے کی اجازت اور ہیوی گڈز ٹرانسپورٹ، آئیل ٹینکرز کو بھی وقفے وقفے سے جانے کی اجازت ہے۔ اسلام آباد سے مری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کر دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی میں توسیع 10 جنوری رات نو بجے تک کی گئی ہے۔ سترہ میل اور سرینا چوک میں چیک پوائنٹس بھی قائم کر دئیے گئے۔
 

Advertisement